پیر، 25 جولائی، 2011

استقبال رمضان

استقبال رمضان

کسی کے آنے کی آمد عام طور پر خوشگوار ہوتی ہے اور اس کے استقبال کی تیاریاں بھی بڑے پیمانہ پر کی جاتی ہیں ۔اب یہ الگ بات ہے کہ وہ آنے والا کون ہے اور اس کی تیاریاں کیسے کی جائیں۔فی الوقت ہم رمضان المبارک کی بات کر رہے ہیں اور اس کی آمد نہ صرف ایک مسلمان کے لیے بلکہ امت مسلمہ کے علاوہ دنیا کے ہر فرد کے لیے عالمی پیمانہ پر خیر و برکت والی خبر ہوا کرتی ہے۔ماہ رمضان نزولِ قرآن کا مہینہ ہے،تقویٰ، پرہیزگاری، ہمدردی، غمگساری، محبت و الفت،خیر خواہی، خدمت ِ خلق،راہ خدا میں استقامت، جذبہ حمیت اور جذبہ اتحاد،اللہ اور رسول سے بے انتہا لو‘ لگانے کا مہینہ ہے لہذا اُس کے استقبال کے لیے ہمیں اپنے اندر ان ہی صفات کو پیدا کرنے کی تیاری کرنا ہوگی جو صفات ماہِ رمضان ہماری توجہ مبذول کرانا چاہتا ہے۔ہم جانتے ہیں کہ رمضان المبارک میں :قرآن نازل ہوا، روزے فرض ہوئے، جنگ بدر پیش آئی ، شب ِ قدر رکھی گئی،فتح مکہ کا واقعہ پیش آیا، اس کے عشروں کومخصوص اہمیت دی گئی ، پھر اس ماہ میں زکوٰة،انفاق اور فطرے کا اہتمام کیا گیا نتیجتاً ماہِ رمضان المبارک کی عبادات کے درجات بہت زیادہ بلند کر دیے گئے۔لہذااس ماہ کی حیثیت کے شایانِ شان ہی اس کا استقبال بھی کیا جائے گا۔ قبل اس سے کہ رمضان کی آمد آمد ہو ہم اپنے باطن و ظاہر کو اس کے لیے تیار کر لیں۔ظاہر و باطن کو پاک کرنے اورتیار کرنے میں نیزتقویٰ کی روش اختیار کرنے میں سب سے زیادہ جو مددگار عمل ہے وہ "روزہ"ہے۔اسی لیے اللہ کے رسول محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے ماہِ رمضان کے بعد سب سے زیادہ روزے ماہِ شعبان میں رکھے۔یہی اس کے استقبال کا بہترین ذریعہ ہے!

رمضان المبارک کے یہ تین واقعات:

رمضان المبارک کے یہ تین واقعات وہ ہیں جس نے دنیا کی صورتحال بالکل تبدیل کر دی۔یہ صحیح ہے کہ امت کی کامیابی مختلف ادوار میں پیش آنے والے واقعات کے پس منظر میں بنائے جانے والی حکمت عملی،پالیسی،لائحہ عمل اور تد ابیر وضع کرناکے نتیجہ میں ہی ہوسکتی ہے۔ لیکن یہ ابتدائی تین واقعات وہ مینارہ نور ہیں جن کی روشنی میں یہ کام اس طرح ہو سکتا ہے کہ امت بحیثیت پوری امت ِ مسلمہ اور مسلمان بحیثیت فرد کامیابی سے ہمکنار ہوں۔اور یہ کامیابی بھی اسی طرز عمل کو اختیار کرتے ہوئے ہوگی جو پہلے کے لوگوں نے اختیار کی ہے اور اس میں یہ واقعات ہماری بہترین رہنمائی کرتے ہیں۔پہلاواقعہ نزولِ قرآن ہے: واقعہ یہ ہے کہقرآن نے حیات ِ انسانی کو جلا بخشی اور دنیا کو تاریکی ،گمراہی اورشرک کی جڑوںسے نجات دلائی۔لہذا ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم قرآن کو حتی الامکان سمجھنے کی کوشش کریں۔ اس کو اپنی عملی زندگی کے شب وروز میں پیش آنے والے معاملات میں نافذ کریں۔اس کے مطابق اپنی اور اپنے گھر والوں کی زندگیوں کو ڈھالیں۔اس کے پیغام سے پیاسی روحوں کو تازہ دم کریں۔اس کے قیام کی سعی و جہد کریں اور اس کو وہ اہمیت دیں جو اس کا حق ادا کر دے۔دوسرا واقعہ جنگ بدر ہے:یہ واقعہ اس حق و باطل کے فرق کو کھول کر رکھ دینے کا ہے جہاں حق کے علمبرداراس سعی و جہد میں اپنی تمام نعمتوں کو اللہ کے حوالے کر دیتے ہیں ،جو اس نے عطا کی ہیں۔اللہ نے عقل دی ہے اور یہ سب سے بڑی نعمت ہے ۔جس کے ذریعہ انسان اور حیوان میں فرق نمایاں ہوتا ہے۔ اللہ نے صلاحیتیں دی ہیں جن کے ذریعہ خیر و فلاح کے کام انجام دیے جاتے ہیں۔اللہ نے علم عطا کیا ہے جس کے ذریعہ جہالت،گمراہی اور باطل نظریہ ہائے افکار و نظریات سے چھٹکارا پایااور دلایا جا سکتا ہے۔اللہ نے مال دیا ہے جو خدمتِ خلق اور انفاق فی سبیل اللہ کے کاموں میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔اللہ نے جان دی ہے جس کے ذریعہ نظامِ باطل کو زیر کیا جا سکتا ہے اور یہ آخری انتہا ہے۔لیکن یہ آخری انتہا سے قبل بہت سے وہ کام ہیں جن کا آغاز ہرشخص فرداً فرداً کر سکتا ہے لیکن اللہ کی راہ میں جان دینے کا کام اجتماعی ہوگا اور یہ اُسی وقت ہوگا جب اس کا تقاضہ ہو،فی الوقت اس کی ضرورتنہیں ہے۔حاملِ قرآن جب قرآن پر عمل کرنے والے ہو جائیں گے تو ان کو وہی کامیابی میسر ہوگی جوہمیشہ اور ہر دور میں مخالفین و معاندین کے مقابلے ہوتی رہی ہے۔تیسرا واقعہ فتح ِ مبین ہے :یہ واقعہ اس بات کی شہادت پیش کرتا ہے کہ حق کے علمبردار دنیا میں بھی سرخروئی حاصل کریں گے اور آخرت کی کامیابی تو ابدی ہے۔یہ واقعہ اس بات کی بھی نشاندہی کرتا ہے کہ اللہ کا گھر اور وہ مقام جو اللہ کی عبادت کے لیے مختص کر لیا گیا ہو وہ شرک اور بت پرستی سے پاک رہنا چاہیے۔یہ زمین اللہ کی عبادت کے لیے مخصوص ہے لہذا اس میں باطل سے سودے بازی نہیں کی جا سکتی۔یہ زمین وہ ہے جہاں اللہ کے نام لینے والے اللہ کے آگے سربجود ہوتے ہیں،اس کی بڑائی اور کبریائی بیان کرتے ہیں، اس سے اپنی تمام توقعات وابستہ کرتے ہیں، اپنے گناہوں کی معافی طلب کرتے ہیں،اور اسلامی نظام میں اجتماعیت کی روح پھونکتے ہیں۔یہ واقعہ اس بات کی بھی نشاندہی کرتا ہے کہ مسلمان اگر دنیا میں کسی بھی مرحلے میں کامیابی حاصل کریں تو وہ مزید اللہ کی بڑائی بیان کرنے والے بن جاتے ہیں، اس کی کمر غرور و تکبرکے محرکات سے اکڑتی نہیں ہے بلکہ مزیدوہ اللہ کے آگے جھک جانے والا بن جاتا ہے،اوراس میں انسانوں سے مزید خیر خواہی کے جذبات ابھرتے ہیں۔یہ تین واقعات بھی ہمیں اسی جانب متوجہ کرتے ہیں کہ قرآن کے استقبال میںاپنے باطن و ظاہر میں وہ محرکات پیدا کر لیے جائیں اور ان چیزوں پرہم عمل پیرا ہو جائیں جن کے اختیار کے نتیجہ میں ہمیں کامیابی لازمی حاصل ہوگی،انشااللہ۔

یکسو ہو جائیے:

آج اگر ہم یہ سمجھتے ہیں کہ اپنی بقا و تحفظ کے لیے ان اقدامات کی ضرورت ہے جو دنیا میں رواج پا چکے ہیں تو یہ نہ صرف ہماری کم عقلی ہوگی بلکہ دین کی تعلیمات سے دوری بھی نمایاں کرے گی۔علمی میدان میں ترقی، معاشی میدان میں ترقی، عورتوں کی آزادی اور بالا دستی،صنعت و حرفت میں پیش قدمی،سائنس و ٹیکنالوجی میں دریافتیں،چاند اور مریخ پر قلابیں، یہ اور ان جیسے تمام نعروں میں اس وقت تک کوئی دم نہیں ہے جب تک کہ وہ اسلام کے سانچے میں نہ ڈھلے ہوئے ہوں۔ہم دینی مدارس کھولتے ہیں،کلمہ اور نماز کی تبلیغ کرتے ہیں،فسق و فجور کے خلاف وعظ و تلقین کرتے ہیں،اور گمراہ فرقوں کے خلاف مورچے لگاتے ہیں، حاصل؟۔حاصل یہ کہ بس جس رفتار سے دین مٹ رہا ہے اور مسلمانوں کی عملی زندگی سے دور ہوتا جا رہا ہے اس کے مٹنے میں ذرا سستی آجائے اور زندگی کو سانس لینے کے لیے ذرا کچھ دن

اور مل جائیں ۔لیکن یہ امید کبھی نہیں کی جا سکتی کہ اللہ کا دین غالب آجائے یا اللہ کا کلمہعوام الناس کے دلوں کی دھڑکن بن جائے۔پھر یہ خیال کہ موجودہ نظام تو ان ہی بنیادوں پر قائم رہے، مگراخلاق ، معاشرت،معیشیت،نظم و نسق یا سیاست کی موجودہ خرابیوں میں سے کسی کی اصلاح ہو جائے گی، تو یہ بھی کسی تدبیر سے ممکن نہیں۔کیونکہ حقیقت یہ ہے کہ موجودہ نظامِ زندگی کی بنیادی خرابیوں کی آفریدہ اور پروردہ ہیں اور ہر خرابی کو دوسری بہت سی خرابیوں کا سہارا مل رہا ہے ۔ ایسے حالات میں ایک جامع فساد کو رفع کرنے کے لیے جامع پروگرام ناگزیر ہے ، جو جڑ سے لے کر شاخوں تک پورے توازن کے ساتھ اصلاح کا عمل جاری کرے۔وہ کامل پروگرام کیا ہے؟اس سے قبل یہ سوال اہم بن جاتا ہے کہ آپ فی الواقع چاہتے کیا ہیں؟اس موقع پر ہم یہ بتا دینا چاہتے ہیں کہ یہ اسلام اور جاہلیت کا ملا جلا مرکب، جو اب تک ہمارانظام حیات بنا ہوا ہے ،زیادہ دیر تک نہیں چل سکتا۔یہ اگر چلتا رہا تو دنیا میں بھی ہماری کامل تباہی کا موجب ہوگا اور آخرت میں بھی!

اب رہا یہ سوال کہ یکسو کیسے ہوا جائے ؟ اس کے لیے اس بات کا جائزہ لینا ضروری ہے کہ وہ کون لوگ ہیں جو اسلا م کو حقیقی معنوں میں اختیار کرنے کے قائل ہیں اور کون ہیں جو فکرِاسلا می کو "مغربی اجتہاد"کی روشنی میں پسند کرتے ہیں۔یعنی یہ کہ ایک گروہ ،وہ ہوگا جو اسلام کو عالم انسانیت کی کامیابی ،خیر و فلاح اور امن و سکون کا ذریعہ سمجھتے ہوئے فکرِ اسلامی کو زندگی کے ہر مرحلے میں قائم کرنے کا قائل ہے اور دوسرا گروہ ،وہ جو اسلام کو موجودہ زمانے میں قابلِ عمل نہیں سمجھتا اور چاہتا ہے کہ کچھ ترمیمات کے ساتھ اس کو اختیار کیا جائے تاکہ ا نسانوں کی خوشنودی حاصل کی جا سکے ۔جس کے نتیجہ میں دنیا کی وہ ساری ترقیات حاصل ہو جائیں جو ایک مادہ پرست ذہن اور ایک مادہ پرست معاشرے کی چاہت ہیں۔

وہ لوگ جو اسلام کو اسلامی نظام ِ حیات کی شکل میں نہ صرف اختیا ر کرتے ہیں بلکہ قائم بھی کرنا چاہتے ہیں ان کے لیے لازم ہوگا کہ اسلام اور غیر اسلام کی اس آمیزش کو ،جسے صدیوں کی رویات نے پختہ کر رکھا ہے،تحلیل کریں اور قدامت کے اجزاءکو الگ کرکے خالص اسلام کے اس جوہر کولے لیں، جو قرآن و سنت کے معیار پر جوہر اسلام ثابت ہو۔ ظاہر ہے کہ یہ کام ہمارے ان گروہوں کی مزاحمت ، اور سخت مزاحمت کے بغیر نہیں ہو سکتا جو قدامت کے کسی نہ کسی جز کے ساتھ گہری وابستگی رکھتے ہیں۔اس کے لیے یہ بھی ضروری ہے کہ ہم مغرب کی حقیقی تمدتی و علمی ترقیات کو اس کے فلسفہ


¿ حیات اور انداز فکر اور اخلاق و معاشرت کی گمراہیوں سے الگ کر دیں اور پہلی چیز کو لے کر دوسری چیز کے بالکلیّہ اپنے ہاں سے خارج کر دیں۔ظاہر ہے کہ اسے ہمارے وہ گروہ برداشت نہیں کر سکتے،جنہوں نے خالص مغربیت کو، اسلام کے کسی نہ کسی مغربی ایڈیشن کو اپنا دین بنا رکھا ہے۔پھر اسی کے ساتھ یہ کام ایک انتہائی منظم قوت کی شکل میں ابھرے۔ اپنے گروہی و مسلکی اختلافات کو ختم کرتے ہوئے لو گ اس میں جوق درجوق شامل ہوں۔ اور ایک ہمہ گیر سیلاب کی مانند زندگی کے ہر شعبہ پر چھا جائیں ۔ٹھیک اسی طرح جس طرح مغربی تہذیب اٹھی اور چہار جانب چھاتی چلی گئی۔اس سب کے لیے نہ صرف بلند حوصلوں کی ضرورت ہوگی بلکہ مضبوط سیرت اور صالح اخلاق اور مستحکم ارادے کے انسان درکار ہیں۔سوال یہ ہے کہ کیا آپ خود کو اس کے لیے تیار پاتے ہیں یا پھر یہ کہ تیار کرنے کا حوصلہ رکھتے ہیں!!یہ وہ کام ہے جو بنا یکسوئی کے ہو ہی نہیں سکتا۔اور یہی رمضان المبارک کا پیغام ہے جس کا ہم استقبال کرنا چاہتے ہیں!

ڈی کنڈیشنگ کا عمل:

انسان جب کسی کا غلام ہو جائے تو اس کے لیے لازم آتا ہے کہ اس کی غلامی کو دور کر دیا جائے۔ انسان جسمانی اور عقلی بنیادوں پر آزاد پیدا کیا گیا ہے اور ساتھ ہی وہ اللہ کا بندہ بھی ہے۔ لہذا اس کے جسم اور اس کی فکر کو ہر اس غلامی سے نجات دلانا اولین فرض ہے جس کی غلامی میں وہ رہ کر غورو فکر اور عمل کرتا ہے۔ ڈی کنڈیشنگ جسے عرفِ عام میں تطہیرِ قلب و فکر کہ سکتے ہیں،یہ عمل انسان کو ہر طرح کی نفسیاتی غلامی کے خاتمے کا عمل ہے۔یہ عمل انہی افراد کو نفسیاتی غلامی سے آزاد کر سکتا ہے جس میں آزادی کی خواہش پائی جاتی ہو۔جس شخص میں یہ پوٹینشل نہ ہو اسے آزاد کروانا بہت مشکل ہے۔ آزاد ہونے کے پوٹینشل کے معنی یہ ہیںکہ کسی ایسے شخص میں ، جو عارضی طور پر نفسیاتی غلامی کا شکار ہو چکا ہو، کچھ خصوصیات پائی جاتی ہوں:

۱۔ اس شخص میں حق پرستی کے لیے ایک خاص حمیت اور غیرت پائی جاتی ہو۔وہ حق سے وابستہ رہنا چاہتا ہو۔ وہ کسی فکر سے وابستہ صرف اس لیے ہو ا ہوکہ یہ فکر اس کے خیال میں 'حق'ہو۔

۲۔ وہ شخص اپنے ذہن میں اٹھنے والے سوالات کے جواب تلاش کرنا چاہتا ہو۔اس کے برعکس وہ شخص جو مکمل طور پر ذہنی غلام ہے، اپنے ذہن میں اٹھنے والے سوالات کے جواب تلاش کرنے کی زحمت

نہیں کرتا۔ وہ بیک وقت متضاد باتوں کو مانتا رہتا ہے اور اپنے ذہن کو مختلف خانوں میں بانٹ کر رکھتا ہے۔ اگر اس کے ذہن میں کوئی سوال پیدا ہو تو اسے شیطان کا وسوسہ سمجھ کر نظر انداز کر دیتا ہے۔

۳۔ اس شخص کے لیے اپنے افکار میں تضاد قابل برداشت نہ ہو۔ مثال کے طور پر وہ یہ نہ مان سکتا ہو کہ کوئی چیز ایک ہی وقت میں بالکل سیاہ اور بالکل سفید بھی ہو سکتی ہے۔ عملی زندگی میں اس کی مثال یہ

ہے کہ اس کے لیے یہ ماننا بہت مشکل ہو کہ اس کے راہنما میں کوئی اخلاقی خرابی بھی پائی جاتی ہے۔اور اس کے باوجود اسے اپنے راہنما کی پیروی کرنا چاہیے۔

جس شخص میں آزاد ہونے کا یہ پوٹینشل پایا جائے، اس کا نفسیاتی غلامی سے آزاد ہونا ممکن ہے۔ اس کی عملی صورت عام طور پر یہ ہوتی ہے کہ اس شخص کے ساتھ کوئی ایسا واقعہ یا حادثہ پیش آجاتا ہے جس کی وجہ سے اس کے ذہن میں ایک تضاد پیدا ہوئے۔ تضاد کی یہ کیفیت اس کے لیے ناقابل برداشت ہوتی ہے۔ وہ اس تضاد کو حل کرنے کی کوشش کرتا ہے اور جب اس میں ناکام رہتا ہے تو وہ فکری غلامی سے آزاد ہو جاتا ہے۔ اس بات کی مثال اس طرح سمجھیں کہ ایک عقیدت میں مبتلا انسان اپنے ہی جیسے انسان کو جس کا وہ مرید ہے ہر برائی سے پاک سمجھنے لگتا ہے لیکن جب کوئی ایسا واقعہمرید اور پیر کے درمیان رونما ہو جائے جس کی زد میں مرید کی ذات خود نقصان کا ذریعہ بنے۔اُس مرحلے میںراہنما یا پیر جس پر اب تک اعتمادقائم تھا وہ باقی نہیں رہتا ۔پھر جب وہ اپنے پیر کی ایک غلطی کو پہچان لیتا ہے اور تقابلی عمل سے گزرتا ہے تومحسوس کرتا ہے کہ جس شخص،فکر اور نظریہ کا اس پر اب تک غلبہ تھا وہ بے شمار غلطیوں میں ملوث ہے ۔ بس یہ واقفیت ہی وہ نقطہ


¿ آغاز ہوتا ہے ایسے شخص کی گرہیں کھولنے کے لیے جس کے نتیجہ میں پرانے تصورات کی شکست و ریخت کا عمل شروع ہوجا تا ہے۔نتیجتاً پرانے تصورات کی جگہ نئے تصورات پیدا ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔ اس عمل کے ذریعہ ایسا شخص کچھ ہی عرصے میں نفسیاتی غلامی سے آزادی حاصل کر لیتا ہے۔

ڈی کنڈیشنگ کے عمل کے اختتام پر انسان اپنے بہت سے سابقہ تصورات سے دست بردار ہو جاتا ہے۔ اس کی جگہ نئے تصورات قائم ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔ پرانے دوستوں سے رشتے ٹوٹنے لگتے ہیں اور نئے دوستوں کے ساتھ رشتے استوار ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔ پرانی اقدار ایک ایک کرکے بکھر تی چلی جاتی ہیں اور نئی اقدار جنم لینے لگتی ہیں۔ مختلف واقعات کی توجیہ کرنے کا پرانا طریقہ ختم ہو تا چلا جاتا ہے اور اب واقعات کو نئے تناظر میں دیکھا جانے لگتا ہے۔ آج امت مسلمہ کے نام نہاد مفکرین کو بھی نفسیاتی آزادی کے اِس ڈی کنڈیشنگ کے عمل سے گزارنے کی ضرورت ہے کہ جس کے نتیجہ میں وہ خصوصاًمغربی اور عموماً وہ تمام باطل عقائدا ور افکار و نظریات سے نجات کی ضرورت ہے کہ جس کے بعد اسلام کے حقیقی نظریہ


¿ حیات کو سمجھ سکیں۔وہ خود بھی یہ جان سکیںاوراللہ کی دی ہوئی صلاحیتوں اور نعمتوں کو استعمال کرتے ہوئے بتا سکیں کہ اسلام امن و محبت، ہمدردی و خیر خواہی اور دنیا و آخرت میں نجات دلانے والا ہے ساتھ ہی مذہبِ اسلام عالم ِ انسانیت کی کامیابی و سرخروئی کاپیش خیمہ ہے۔اس مہینہ میں اسی ڈی کنڈیشنگ کے عمل سے امت کے ہرفرد کو گذارا جاتا ہے۔ لہذا ماہِ رمضان کا استقبال کرتے ہوئے اپنی ذات کو اس عمل سے گذارنے کے لیے بھی تیار کر لینا چاہیے۔ اور یہی وہ بہترین استقبال ہوگاجو رمضان کے گذارنے کے بعد ہماری سابقہ زندگیوں کے شب و روز کو مکمل طور پر تبدیل کردے گا۔پھر یہی تبدیلی ہماری نجات کا ذریعہ ثابت ہوگی،انشااللہ۔

داعی حق بن جائیے:

ڈی کنڈیشنگ کا عمل، نفسیاتی آزادی کا عمل اور تطہیرِ فکر و قلب کا عمل ان لوگوں کے بس میں ہے جو داعی


¿ الالخیرکی ذمہ داری انجام دیتے ہیں۔لہذا وقت کا تقاضہ بھی ہے اور ہم پرلازم بھی ہے کہ ہم اور آپ داعی
¿ حق بن جائیں۔لیکن داعی حق کے لیے ضروری ہے کہ وہ غیر ضروری بحث و مناظرے سے بچے۔ دین کے بہت سے پرجوش داعی، خواہش رکھتے ہیں کہ مخاطب چند گھنٹوں میں تبدیل ہو کر ان کا نقطہ نظر قبول کر لے۔لیکن ہمارے خیال میں یہ طریقہ مناسب نہیں ہے۔داعی حق کے لیے اپنی نیت میں اخلاص پیدا کرنا لازمی امر ہے۔ اس کی دعوت کا مقصد کسی شخص کو گھیر گھار کر اپنے نقطہ نظر پر قائل یا لاجواب کرنا ہرگز نہیں ہونا چاہیے۔اس کا کام ہے کہ جس کو وہ درست سمجھتا ہے ،اسے احسن انداز سے اپنے دوسرے بھائی تک پہنچا دے۔ داعی کو کبھی بھی جلد بازی کا مظاہرہ نہیں کرنا چاہیے۔ اور نہ ہی اپنے مخاطب یا اس کے راہنما کو ڈائرکٹ تنقید کا نشانہ بنانا چاہیے جس کے نتیجہ میں ضد پیدا ہونے کا امکان ہو۔کیونکہ ضد، انانیت اور ہٹ دھرمی، کبھی سیدھے راستے کی راہنمائی نہیں کر سکتے۔لہذارمضان المبارک کا استقبال ہمیں اس طرح کرنا چاہیے کہ ہم پر یہ واضح ہو جائے کہ "حق آگیا اور باطل مٹ گیا اور باطل تو مٹنے ہی کے لیے ہے"(بنی اسرائیل:۱۸)اور ساتھ ہی یہ بھی کہ :"اور حق کو باطل کے ساتھ نہ ملا اور سچی بات کو جان بوجھ کر نہ چھا"(البقرہ:۲۴)۔

استقبالِ رمضان:

ماہِ رمضان کااستقبال کریںاپنے قول سے، اپنے عمل سے ، اسلامی نظریہ حیات کو عام کر کے اور ان طریقوں کو اختیار کرکے جو ہم پر لازم آتے ہیں۔استقبال کریں ماہِ رمضان کا اس عہد و پیمان کے ساتھ جس کے نتیجہ میں ہماری زندگیاں نہ صرف ہمارے متعلقین کے لیے بلکہ عوام الناس کے لیے بھی سود مند ثابت ہوں۔استقبال کریں رمضان المبارک کا اس طرح کہ یہ استقبال امت مسلمہ کے عروج کا ذریعہ بن جائے۔کیونکہ اللہ کے رسول نے خود یہ مژدہ سنایا تھا کہ اگر تم نے میری دعوت مان لی تو تم عرب و عجم دونوں کے مالک بن جا گے۔اور استقبال کریں ہر اس عبادت پر عمل کر کے جس کے ذریعہ ہم اللہ کی محبت اور قرب حاصل ہوجائے۔ سلمان فارسی ؓ سے روایت ہے انہوں نے کہا کہ شعبان کی آخری تاریخ کو نبی کریم نے خطبہ دیا جس میں فرمایا:"اے لوگو! ایک بڑی عظمت والا بڑی برکت والا مہینہ قریب آگیا ہے۔وہ ایسا مہینہ ہے جس کی ایک رات ہزار مہینوں سے بہتر ہے۔اللہ تعالیٰ نے اس مہینہ میں روزہ رکھنا فرض قرار دیا ہے اور اس مہینہ کی راتوں میں تراویح پڑھنانفل قرار دیا ہے(یعنی فرض نہیں ہے بلکہ سنت ہے، جس کو اللہ تعالیٰ پسند فرماتا ہے)۔جو شخص اس مہینہ میں کوئی ایک نیک کام اپنے دل کی خواشی سے بطور خودکرے گا تو وہ ایسا ہوگا جیسے کہ رمضان کے سوا اور مہینوں میںفرض ادا کیا ہو، اور جو اس مہینہ میں فرض ادا کرے گا تو وہ ایسا ہوگا جیسے رمضان کے علاوہ دوسرے مہینہ میں کسی نے ستّر(70)فرض ادا کیے۔اور یہ صبر کا مہینہ ہے اور صبر کا بدلہ جنت ہے۔اور یہ مہینہ معاشرے کے غریب او حاجتمندوں کے ساتھ مالی ہمدردی کا مہینہ ہے"(بیہقی فی شعبان الایمان)۔یہ وہ عبادات ہیں جن کو اختیار کرنا ہر مسلم کے لیے لازم ہیں۔لہذا یہ عبادات ہمارے ظاہر و باطن کو تبدیل کردیں، اسی کے لیے اپنے فکر و قلب کو تیار کر لیناہے ۔پس یہی ہے استقبال،یہی ہے استفادہ اور یہی ہے منزلِ مقصود!!

vvvvvvv

جمہوریت کس کروٹ اپنا رخ بدلتی ہے؟ مدر آف ڈیموکریسی میں الیکشن 2024 کا آغاز ہوا چاہتا ہے !!!   محمد آصف اقبال، نئی دہلی بھارت میں اس...