پیر، 28 جولائی، 2014

عید الفطر اور محصورین ِ غزہ


عید الفطر اور محصورین ِ غزہ !

        اِدھر وائس آف امریکہ کی خبر آئی کہ:"اسرائیل اور حماس کے درمیان 12 گھنٹوں کے لیے جنگ بندی کا آغاز ہوتے ہی ہفتہ کو غزہ میں لوگوں نے اپنے نقصانات کا اندازہ لگانے، اشیائے خورونوش جمع کرنے اور بعض اپنے ہلاک ہونے والے عزیز رشتے داروں کی لاشیں اکٹھی کرنے کے لیے سڑکوں اور منہدم عمارتوں کا رخ کیا"تواُدھر مرکز اطلاعات فلسطین کی ویب سائٹ کے مطابق:"امریکا کی اپیل پرآج ہفتے کو غزہ کی پٹی میں حماس اور اسرائیل کے درمیان 12 گھنٹے کی محدود جنگ بندی کے چند گھنٹے ہی گزرپائے تھے کہ صہیونی فوج کی جانب سے اس کی خلاف ورزی کردی گئی۔ اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج نے جنوبی غزہ میں خان یونس کے مقام پر توپ خانے سے گولہ باری کی جس میں زخمیوں کو اسپتال لے جانے والی ایمبولینس تباہ ہوگئی۔خیال رہے کہ امریکا اور اقوام متحدہ کی اپیل پر فلسطینی تنظیم اسلامی تحریک مزاحمت "حماس" اور اسرائیل نے انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر بارہ گھنٹے کے لیے محدود جنگ بندی پراتفاق کیا گیا تھا۔ عارضی جنگ بندی کا آغاز ہفتہ کو فلسطین کے مقامی وقت کے مطابق صبح آٹھ بجے ہوا۔ گیارہ بجے اسرائیلی فوج نے خان یونس میں وحشیانہ گولہ باری شروع کردی۔عینی شاہدین نے بتایا کہ ہفتہ کو علی الصباح انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ریڈ کراس کی جانب سے شہداءکی تدفین کے لیے ان کے جسد ہائے خاکی گھروں سے قبرستانوں میں منتقل کیے جا رہے تھے کہ صہیونی فوج نے عالمی ادارے کی ایمبولینسوں پر گولہ باری شروع کردی۔ بمباری میں ایک ایمبولینس مکمل طورپر تباہ ہوگئی۔ بمباری کے بعد غزہ کی پٹی میں شہداءکی تدفین کا سلسلہ پھر سے معطل ہوگیا ہے۔البتہ فلسطینی میڈیکل عملہ ہفتے کو علی الصباح گذشتہ تین روز کے دوران بمباری میں شہید ہونے والے متعدد بچوں کو سپرد خاک کرنے میں کامیاب رہا ہے۔ تاہم فلسطینی امدادی کارکن اپنی جانوں پر کھیل کر شہداءکی تدفین اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کرنے کا اہتمام کرتے ہیں"۔یہ بات بھی ہمارے علم میں رہنی چاہیے کہ فلسطینی علاقے غزہ میں 19 روز سے جاری اسرائیلی کارروائی کی وجہ سے اب تک 1000 سے زیادہ فلسطینی اور 39 اسرائیلی ہلاک ہو چکے ہیں۔

        موجودہ حالات پر ایک سرسری نظر ڈالنے سے محسوس ہوتا ہے کہ عالم اسلام اور مسلمان آج ایک عجیب بے اطمینانی کی کیفیت سے دوچار ہیں۔چہار جانب ظلم و زیادتیوں کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں۔مسلمان ،مسلمان ہی کے خون کا پیاسہ ہوچکا ہے،جان و مال اور عزت و آبرو دا پر لگ چکی ہے۔بااقتدار کمزوروں پر ظلم و زیادتیوں میں حدیں پار کرچکے ہیں،ایک ہنگامہ عظیم ہے جو چہار جانب برپا ہے،دنیا مسلمانوں پر ٹھیک اُسی طرح ٹوٹ پڑی ہے جیسے بھوکے دستر خوان پر!سوال یہ ہے کہ یہ صورتحال کیونکر پیدا ہوئی؟کیا اس صورتحال کا ذریعہ دیگر اقوام اور بااقتدار گروہ ہیں یا اس صورتحال کے ذمہ دار خود مسلمان ہیں؟اللہ کے رسول محمد صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں :عنقریب (گمراہ) قومیں تمہارے اوپر چڑھ دوڑنے کے لیے ایک دوسرے کو اس طرح بلائیں گی جس طرح کھانے والے ایک دوسرے کو دستر خوان کی طرف بلاتے ہیں۔کسی نے سوال کیا:"کیا اس وقت ہم تعداد میں کم ہوں گے؟آپ نے فرمایا: "نہیں بلکہ تم کثرت سے ہو گے لیکن تمہاری حیثیت پانی کے اوپر بہنے والے جھاگ کی مانند ہوگی۔ اللہ تعالی تمہارے دشمن کے دلوں سے تمہارا رعب ختم کر دیں گے اور تمہارے دلوں میں وہن پیدا فرما دیں گے۔سوال کیا:یا رسول اللہ وہن کا کیا مطلب ہے ؟فرمایا: دنیا سے محبت اور موت سے نفرت(ابو داود )۔موجودہ حالات اور ان حالات میں غزہ جو خون میں لت پت ہے، جہاں معصوم بچے،ضعیف المعر افراد،باعفت بیٹیاں اور محترم مائیں نہ صرف شہید بلکہ ہر طرح کی آزمائش سے دوچار ہیں۔دنیا شاہد ہے کہ یہی وہ مقام ہے جہاں کے لوگ"وہن"کی بیماری سے پوری طرح محفوظ ہیں۔برخلاف اس کے وہ بااقتدار مسلم ممالک جنہیں اللہ نے ہر طرح کی نعمتیں عطا کیں ہیں،اپنے افکار،اعمال اور کردار سے واضح کر رہے ہیں کہ"وہن"کی بیماری میں حد درجہ مبتلا ہو چکے ہیں۔بیماری کے نتیجہ میں ان کے اعصاب ناکارہ ہوگئے ہیں۔ یہاں تک کہ ظلم کے خلاف ان کے سوچنے سمجھے اور بولنے تک کی صلاحیت ناپید ہو چکی ہے۔درحقیقت یہ وہ زندہ لاشے ہیں جو امریکہ اور اسرائیل کے تابوتوںمیں خوب اچھی طرح ٹھونک کر بند کیے جا چکے ہیں ۔شاید یہی وجہ ہے کہ دنیا میں بلا مذہب و ملت مظلوم فلسطینیوں کے حق میں ہونے والے چہار طرفہ احتجاج ،ان کے حقوق اور آزادی کی اٹھنے والی آوازوں ،اور ظالم و جابر اسرائیل کی سفاکانہ بربریت کے خلاف متحد ہونے والے جمع غفیر اور ان کی بلند تکبیروں کو یہ بااقتدار مسلم حکمراں نہ محسوس کر سکتے ہیں،نہ سن سکتے ہیں اور نہ ہی دیکھ سکتے ہیں۔اس موقع پر ظلم دیکھ خاموشی اختیار کرنے والوں کو یاد رکھنا چاہیے کہ درحقیقت اللہ اپنی رسی ڈھیلی چھوڑے ہوئے ہے لیکن کو ئی بھی اس غلط فہمی میں نہ رہے کہ اللہ دنیا میں جاری فساد فی الارض سے غافل ہے!یہ بڑی تنبیہ ہے عقل والوں کے لیے۔

        موجودہ حالات اور اس میں چہار جانب برپا فساد کو اگر قرآن حکیم کی روشنی میں سمجھنے کی کوشش کی جائے ،تو اس کے لیے سورة شوریٰ کی یہ آیات کافی رہیں گی۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:"اس نے تمہارے لیے دین کا وہی طریقہ مقر ر کیا ہے جس کا حکم اس نے نوحؑ کو دیا تھا، اور جسے (اے محمد) اب تمہاری طرف ہم نے وحی کے ذریعہ بھیجا ہے،اور جس کی ہدایت ہم ابراہیم ؑ اور موسیؑ اور عیؑسٰی کو دے چکے ہیں، اس تاکید کے ساتھ کہ قائم کرو اس دین کو اور اس میں متفرق نہ ہو جا"(الشوریٰ:۳۱)۔۔۔۔مزید فرمایا"لوگوں میں جو تفرقہ رونما ہوا وہ اس کے بعد ہوا کہ ان کے پاس علم آچکا تھا۔اور اس بنا پر ہوا کہ وہ آپس میں ایک دوسرے پر زیادتی کرنا چاہتے تھے"(الشوریٰ:۴۱)۔یعنی اس تفرقہ پردازی کا محرک کوئی نیک جذبہ نہیں تھا، بلکہ یہ اپنی نرالی اُپج دکھانے کی خواہش،اپنا الگ جھنڈا بلند کرنے کی فکر،آپس کی ضدّم ضدّا، ایک دوسرے کو زک دینے کی کوشش،اور مال و جاہ کی طلب کا نتیجہ تھی۔اور چونکہ اس نظام میں ان کی اپنی ذات کے لیے کوئی مقام امتیاز نہیں ہو سکتا جس کی وجہ سے ان کی مشیخیت چلے،اور لوگ ان کے گرد جمع ہوں ،اور ان کے آگے سر بھی جھکائیں اور جیبیں بھی خالی کریں۔یہی وہ اصل سبب تھا جو نئے نئے عقائد اور فلسفے، نئے نئے طرز عبادت اور مذہبی مراسم اور نئے نئے نظام حیات،ایجاد کرنے کا محرک بنا اور اسی نے خلق خدا کے ایک بڑے حصے کو دین کی صاف شاہ راہ سے ہٹا کر مختلف راہوں میں پراگندہ کر دیا۔پھر یہ گندگی ان گروہوں کی باہمی بحث و جدال اور مذہبی و معاشی اور سیاسی کشمکش کی بدولت شدید تلخیوں میں تبدیل ہوتی چلی گئی، یہاں تک کہ نوبت ان خونریزیوں تک پہنچی جن کے چھینٹوں سے تاریخ انسانی سرخ ہو رہی ہے۔

        اس پس منظر میں یہ سوال بھی لازماًاٹھنا چاہیے کہ تفرقہ میں مبتلا افرادو گروہ اور ان کے درمیان جاری کشمکش توممکن ہے لیکن وہ افراد جو نہ بظاہر تفرقہ کا شکار ہیں،نہ غلطیوں اور کاتاہیوں میں ہی اس قدر مبتلا ہیں کہ ان پر اللہ گرفت فرمائے،پھر آخر کیوں یہ بے بس مسلمان ہی چہار جانب پسپا ہیں؟اس کے جواب میں ایک جانب تو اللہ تعالیٰ صاف صاف فرماتا ہے کہ :"تم پر جو مصیبت بھی آئی ہے ،تمہارے اپنے ہاتھوں کی کمائی سے آئی ہے"۔لیکن وہیں دوسری جانب اس آیت کی توضیح میں یہ بات بھی سمجھ لینی چاہیے کہ جہاں تک مومن مخلص کا تعلق ہے اس کے لیے اللہ کا قانون اس سے مختلف ہے۔اس پر جو تکلیفیں اور مصیبتیں بھی آتی ہیں وہ سب اس کے گناہوں اور خطاں اور کوتاہیوں کا کفارہ بنتی چلی جاتی ہیں۔اسی بات کی تائید میں اللہ کے رسول محمد صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں:"مسلمان کو جو رنج،اور دکھ،اور فکر اور غم اور تکلیف اور پریشانی بھی پیش آتی ہے حتّٰی کہ کانٹا بھی اگر اس کو چبھتا ہے تو اس کو اس کی کسی نہ کسی خطا کا کفارہ بنا دیتا ہے"(بخاری و مسلم)۔رہے وہ مصائب جو اللہ کی راہ میں اس کا کلمہ بلند کرنے کے لیے کوئی مومن برداشت کرتا ہے،تو وہ محض کو تاہیوں کا کفارہ ہی نہیں ہوتے بلکہ اللہ کے ہاں ترقی درجات کا ذریعہ بھی بنتے ہیں۔ان کے بارے میں یہ تصورکرنے کی کوئی گنجائش نہیں ہے کہ وہ گناہوں کی سزا کے طور پر نازل ہوتے ہیں۔لہذا آج خصوصا ًمظلوم فلسطینی اور عموماً عام مسلمان جن آزمائشوں سے بھی دوچار ہیں،ان کا بہترین اجر ان کے رب کے یہاں تیار رکھا ہے،پھر جو شہدا ءرب کریم سے جا ملے وہ تو عزت و شرف سے دوچار ہو چکے ہیں اور جو ظلم کے خلاف ڈٹے ہیں،وہ عنقریب کامیاب ہونے والے ہیں(انشااللہ)۔رمضان المبارک کے آخری لمحات میں دل کی گہرائیوں سے ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مظلوم و محصورین غزہ کی مدد فرمائے اور ان کو کامیابی و نصرت سے ہمکنار کرے(آمین)۔نیز عید سعید کے اس مواقع پر ،ہمیں اپنے اُن اسلام پسند بھائیوں کو بھی نہیں بھولنا چاہیے جوغزہ کے علاوہ دیگر مقامات پر تنگ دستی اور تشدد کا شکار ہیں۔ بطور خاص مصر و شام کے مظلوم مسلمان تو وہیں برما،عراق اور دیگر مقامات پر تشدد کے شکار مسلمان،جن پر ظلم ہی صرف اس بنا پر ڈھایا جا رہا ہے کہ وہ کہتے ہیں"ہم مسلمان ہیں"۔نیز جو اپنی بقا اور وجود کی جدو جہد کررہے ہیں یا اسلامی تشخص کے فروغ میں مصروف عمل ہیں۔ اللہ تعالیٰ ان سب کا حامی و مدد گار ہواور ان کو دنیا ہی میں وہ کامیابی عطا کر دے جس کے بعد ان کا ہر غم ہلکا ہوجائے،عدل و انصاف قائم ہو اور دنیا امن کا گہوارہ بن جائے۔ ساتھ ہی ملت اسلامیہ کے وہ تمام لوگ جو کہیں بھی اور کسی بھی ملک میں اللہ کے دین کے قیام کی جدو جہد میں مصروفِ عمل ہیں اور باطل قوتیں ان کی سرکوبی میں لگی ہوئی ہیں، ایسے تمام لوگوں کے لیے بھی ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کی سعی و جہد کو قبول فرمائے ، ان کے درجات بلند فرمائے اور وہ فتح نصیب کرے جس کا وعدہ اُس نے اپنے نیک بندوں سے کیا ہے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ وقت جلد آئے جب کہ اسلام کو غلبہ عطا ہو اور اللہ کی زمین پر اللہ کی کبریائی بیان کی جائے۔ اللہ اکبر اللہ اکبر لا الہ الا اللہ واللہ اکبر اللہ اکبر وللہ الحمد۔



vvvvvvv

کوئی تبصرے نہیں:

جمہوریت کس کروٹ اپنا رخ بدلتی ہے؟ مدر آف ڈیموکریسی میں الیکشن 2024 کا آغاز ہوا چاہتا ہے !!!   محمد آصف اقبال، نئی دہلی بھارت میں اس...